سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کا تدریسی شیڈول جاری

جمعہ 17 ستمبر 2021 16:26

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2021ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی جانب سے تدریسی شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ 20 ستمبر سے جامعہ کے پہلے اور دوسرے سال کی بیچز کے کلاسز ریگولر بنیادوں پر  چلائی جائیں گی۔ پوسٹ گریجوئیشن کے طلبہ کے آن لائن کلاسز بھی جاری رہیں گے، طلبہ کی کورونا ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔ جامعہ کے ترجمان کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی جانب سے کرونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر  محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی ہدایات کی روشنی میں تدریسی سرگرمیوں کے سلسلے میں نئے شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جس کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تمام فیکلٹیز کے پہلے اور دوسرے سال کی ریگیولر کلاسز 20 ستمبر سے چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تیسرے، چوتھے اور آخری سال کی کلاسز پہلے ہی ریگیولر بنیادوں پر جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو زرعی کالج ڈوکری، خیرپور کالج آف ایگریکلچرل انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سب کیمپس عمرکوٹ کی پہلے  تا آخری سال کلاسز ریگیولر اور آن کیمپس موڈ میں جاری رہیں گی۔

پوسٹ گریجوئیشن ڈگری پروگرام کے تدریسی سال 2021ع کے لئے ایم ایس سی، ایم اے، ایم ایس آئی ٹی، ایم فل اور پی ایچ ڈی ریگیولر کلاسز مسلسل آن لائن موڈ میں جاری رہیں گی، جبکہ تحقیقی، لیبارٹری ورک اور سیمینار کے مرحلے کے دوران طلبہ کیمپس میں سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ نوٹیفکیشن کے تحت طلبہ کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ کرونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لازمی کروائی جائے اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ جبکہ کلاس میں بیٹھنے اور ہاسٹل میں رہائش کے لئے کروائی گئی ویکسین کی تصدیق کے لئے فیکلٹی کوآرڈینیٹر اور ہاسٹل پرووسٹ کو ویکسین کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔ بغیر ویکسین طلبہ کو کیمپس آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں