الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات جون میں کرانے کا کہا ہے اس لئے سندھ میں حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

آئندہ ماہ 27 فروری کو مزار قائد اعظم سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اسلام آباد تک جائے گا، وزیراعظم کو پی ایم ہائوس میں رہتے ہوئے مہنگائی کا احساس نہیں ہوگا کیونکہ مہنگائی ان کے لئے نہیں بلکہ متوسط اور غریبوں کے لئے سنگین مسئلہ ہے، مرادعلی شاہ

اتوار 16 جنوری 2022 00:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2022ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات جون میں کرانے کا کہا ہے اس لئے سندھ میں حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا، آئندہ ماہ 27 فروری کو مزار قائد اعظم سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اسلام آباد تک جائے گا، وزیراعظم کو پی ایم ہائوس میں رہتے ہوئے مہنگائی کا احساس نہیں ہوگا کیونکہ مہنگائی ان کے لئے نہیں بلکہ متوسط اور غریبوں کے لئے سنگین مسئلہ ہے۔

وہ سیہون شریف ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے چینلز پر سنا ہے کہ پی ایم صاحب کہہ رہے تھے کہ پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کم مہنگائی ہے جو حیران کن بات ہے، موجودہ وفاقی حکومت کا شیوہ رہا ہے کہ ایک چیز مہنگی کر کے پھر اس میں تھوڑی کمی کر کے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مہنگائی کم ہو گئی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کھاد کی پروڈکشن کم ہونا سمجھ سے بالا تر ہے، جیسے گندم گم ہوگئی تھی ایسے ہی کھاد کو بھی گم کر دیا گیا ہے جس کا نوٹس لیا گیا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لئے کام کر رہے ہیں، ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مری واقعہ پر افسوس ہے متعلقہ حکام اس حوالے سے کاروائی کریں گے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے جون کا کہا ہے اس سلسلے میں سندھ میں حلقہ بندیوں کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے جو مارچ تک مکمل ہو جائے گا، لانگ مارچ کے حوالے سے سوال پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری 2022ء سے مزار قائد اعظم سے لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ان شااللہ تعالیٰ اسلام آباد تک جائے گا، جامشورو میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق سوال پر وزیر اعلی نے کہا کہ ضلع جامشورو میں امن و امان کے لئے ہر ممکن اقدا مات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ایم پی اے امداد پتافی کے ہمراہ سیہون ائیر پورٹ پہنچے تو ایم این اے سکندر علی راہپوٹو، ایم پی اے ملک اسد سکندر، پی پی جامشور کے صدر سید آصف علی شاہ، پی پی کے رہنماء رئیس امان اللہ شاہانی، ایم پی اے صالح محمد شاہ، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین مصطفی، ایس ایس پی جامشور اعجاز احمد بلوچ و دیگر معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے رشتہ دار سید پیر معظم علی شاہ کے ولیمے میں شرکت بھی کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں