جامعہ سندھ جامشورو میں 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جائیگا

جمعہ 22 مارچ 2019 23:36

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) جامعہ سندھ جامشورو میں 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جائیگا، جس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ اس سلسلے میں صبح 9:00 بجے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی قیادت میں علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبرری سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے مین گیٹ تک 200 میٹر طویل قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا جائیگا۔

اس موقع پر جامعہ سندھ کے شعبہ جنرل ہسٹری، پاکستان اسٹڈی سینٹر اور سندھ پولیس حیدرآباد ریجن کی جانب سے بیورو آف اسٹیگس کے تعاون سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں اہم تقریب منعقد ہوگی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کرینگے، جبکہ کمشنر حیدرآباد غلام عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفیٰ اور ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم مہمان خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملی نغمے، قومی رقص، ڈرامے اور تھیٹر بھی پیش کیے جائینگے۔ یوم پاکستان کے موقع پر جامعہ سندھ اور سندھ پولیس حیدرآباد ریجن کے تعاون سے جامعہ کے پی سی بی کرکٹ گرائونڈ میں کرکٹ گالا بھی منعقد کیا جائیگا، جس میں وائس چانسلر الیون، ڈی آئی جی الیون، کمشنر الیون اور کے ای ٹی آئی کے درمیاں کرکٹ کے مقابلے منعقد ہونگے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کی سہولت کے لیے مختلف روٹس کے لیے پوائنٹ بسز بھی چلائی جائینگی۔

اس سلسلے میں جامعہ سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق 23 مارچ کے دن یونیورسٹی کی پوائنٹ بسز صبح 8:00 بجے لطیف آباد نمبر 5 اور 7، گدو چوک، ایگریکلچر کامپلیکس/ قاسم آباد، نسیم نگر وایہ باء پاس، اولڈ کیمپس حیدرآباد، مارکیٹ، سٹی گیٹ اور کوٹڑی سے جامشورو کے لیے روانہ ہونگیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں