اسٹیڈیم کی زمین پر کسی کو بھی کوئی بھی عمارت قائم کرنے اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی ، کمشنر حیدرآباد

پیر 24 فروری 2020 20:06

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے پیرکونیازاسٹیڈیم حیدرآباد کے عقب میں محکمہ اسپورٹس سندھ کی جانب سے 85 ملین روپے کی لاگت سے اسکواش کورٹ اور ٹینس کورٹ کے تعمیرات کا کام رکواکر آج کے دن ہی مرمتی میٹیریل کو منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختیار کار ماجد خاصخیلی کو منتقلی والے عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

ڈویزنل کمشنر نے آج صبح نیاز اسٹیڈیم میں بغیر کسی منظوری کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے اسٹیڈیم کا دورہ کیا ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو کہا کہ مذکورہ رقم سے حیدرآباد میں کسی اور جگہ پر اسکواش کورٹ اور ٹینس کورٹ کی تعمیر کرنے کیلئے شہر میں کہیں اور جگہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم پاکستان کا تاریخی انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ ہے جہاں پاکستان کی کافی فتوحات ہیں حیدرآباد شہر شائقین کرکٹ کا شہر ہے جبکہ اسٹیڈیم کی زمیں پر کسی کو بھی کوئی بھی عمارت قائم کرنے اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی جبکہ بہت جلد مذکورہ زمین پر اسٹیڈیم کی توسیع کا کام پی سی بی کی مشاورت سے شروع کیا جائیگا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندہ کی جانب سے نیاز اسٹیڈیم کی تعمیر اور بحالی کیلئے پی سی بی سے رابطہ کیا گیا ہے اور بہت جلد پی سی بی کی مشاورت سے اسٹیڈیم کا بحالی اور مرمتی کام کروا کر یہاں نہ صرف پی ایس ایل کے مئچز کا انعقاد کیا جائے گا بلکہ دیگر انٹرنیشنل مئچز کا بھی انعقاد ممکن ہوسکے گا ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں