سيبس یونیورسٹی جامشورو ، لیڈی ٹیچر اور گرلز ہاسٹل وارڈن کو ہراساں کرنے کے الزام میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس ملازمت سے فارغ

جمعہ 19 اپریل 2024 13:23

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے لیڈی ٹیچر اور گرلز ہاسٹل وارڈن کو ہراساں کرنے کے الزام میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آصف علی شر کو ملازمت سے ہٹا دیا ہے۔ وومين ہراسمينٹ کمیٹی سيبس یونیورسٹی کی سفارش پر وائس چانسلر نے ورک پلیس پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ 2010 کے سیکشن (b) (4) (ii) کے تحت آصف علی شر کو ملازمت سے ہٹا دیا۔

(جاری ہے)

ویمن ہراسمنٹ کمیٹی سيبس اور گرلز ریسکیو سنٹر جامشورو نے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آصف علی شر کے خلاف فیکلٹی ممبر اور وارڈن گرلز ہاسٹل کی شکایت پر الگ الگ تحقیقات کیں۔ گرلز ریسکیو سنٹر جامشورو نے 15 اپریل 2024 کو یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کو اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ ویمن ہراسمنٹ کمیٹی سيبس یونیورسٹی نے 17 اپریل 2024 کو وائس چانسلر کو رپورٹ جمع کرائی، دونوں کمیٹیوں کی سفارش پر آصف علی شر کو ملازمت سے ہٹانے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس معاملے کو سنڈیکیٹ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں