یوریا کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی ،کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت

پیر 1 جنوری 2024 16:59

یوریا  کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی  ،کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2024ء) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے ۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملک میں یوریا کھاد کی دستیابی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں یوریا کھاد ضرورت کے مطابق دستیاب ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھرمیں یوریا کھاد کی کسانوں تک ترسیل کو آسان اور سہل بنایا جائے، یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔

وزیراعظم نے تاکید کی کہ متعلقہ وفاقی وزارتیں صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائیوں میں معاونت یقینی بنائیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بفر سٹاک کیلئے 2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی ، نگران وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ کوثر عبداللہ ملک ،نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگران صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں