او جی ڈی سی ایل نے سندھ کے ضلع سجاول میں گیس کے بڑے ذخائردریافت کر لئے

پیر 29 اپریل 2024 18:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع سجاول میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق نور ویسٹ بلاک نمبر 1 میں واقع ویل کی اوجی ڈی سی ایل واحد آپریٹر ہے۔ نور ویسٹ بلاک نمبر 1 کے ڈھانچے کو 2975 میٹر کی گہرائی تک او جی ڈی سی ایل کی اندرون ملک مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ڈرل اور ٹیسٹ کیا گیا۔

لوئر گورو فارمیشن ('A' سینڈ) سے 150 پاؤنڈ فی مربع انچ (پی ایس آئی) کے کنویں کے بہاؤ کے دباؤ پر 32/64"چوک کے ذریعے 1.24 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس کا تجربہ کیا گیا۔واضع رہے مذکورہ دریافت کو ٹائٹ گیس کے طور پر جانچا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نور ویسٹ بلاک نمبر 1 میں کامیابی او جی ڈی سی ایل کی سٹرٹیجک ریسرچ کے اقدامات کے لئے ثابت قدمی کا ثبوت ہے۔

یہ پاکستان کے توانائی کے منظر نامے کو بڑھانے اور او جی ڈی سی ایل اور ملک دونوں کے ہائیڈرو کاربن ریزرو بیس کو بڑھانے کے لئے کمپنی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔یہ پیشرفت نہ صرف کمپنی کے ریسرچ کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ مستقبل کی ترقی کے لئے نئی راہیں بھی کھولے گی۔ او جی ڈی سی ایل نے اپنے ٹائٹ گیس کی تلاش کے پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے جس سے توانائی کے وسائل کو بڑھانے کے اپنے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں