نمل کے زیر اہتمام ’’بحر ہند کی سیاسی اہمیت اور پاکستان کی سمندری طاقت‘‘ کے عنوان سے 2 روزہ سیمینار کا انعقاد

بدھ 14 نومبر 2018 18:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام نمل میں ’’بحر ہند کی سیاسی اہمیت اور پاکستان کی سمندری طاقت‘‘ کے عنوان سے 2 روزہ سیمینار کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایڈمرل (ر) محمد آصف سندھیلہ تھے جبکہ ریکٹر نمل میجر جنرل ضیاء الدین نجم، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد ابراہیم، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر شاہد صدیقی، ڈائریکٹرز، صدور شعبہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف سندھیلہ نے کہا کہ بحرہند دنیا کا مصروف ترین سمندر ہے، دنیا کی 80 فیصد تیل کی تجارت اسی راستے سے ہوتی ہے اور دنیا کی فوجی نقل و حمل میں بھی بحرہند کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، پاکستان بحریہ ملک کی سمندری حدود کی محافظ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے ہمیں خود کام کرنا ہو گا، محنت کرنا ہو گی، کوئی اور ملک مدد کو نہیں آئے گا اسے بحثیت قوم ہم ہی گیم چینجر بنا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں