میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، صادق سنجرانی

آزادی صحافت جدید دور کی اہم ضرورت بن چکا ،پاکستان آزاد میڈیا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، چیئرمین سینٹ کی لاہور پریس کلب کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 17 جولائی 2018 17:53

میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، صادق سنجرانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے جو نہ صرف ملکی حالات و مسائل اجاگر کرتاہے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ آزادی صحافت جدید دور کی اہم ضرورت بن چکا ہے اور پاکستان آزاد میڈیا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ نے لاہور پریس کلب کے 27رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ملکی و بین الاقوامی ایشوز کو موثر انداز میں اجاگر کرکے بہترحکمت عملی کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا عوام میں بنیادی حقوق ، شعور ، معاشرتی رویوں میں بہتری اور مسائل کے حل کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میڈیا کو مضبوط بنانے اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے پارلیمنٹ کا کردار قابل تحسین ہے، پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیوں میں ملک بھر کے صحافیوں کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ادوار میں جمہوریت کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کے لیے میڈیا نے جو کردار ادا کیاوہ بھی قابل تعریف ہے۔

لاہور پریس کلب کے سیکرٹری و وفد نے چیئرمین سینٹ کو آگاہ کیا کہ لاہور پریس کلب ایک وقت میںایشیاء کا سب سے بڑا پریس کلب تھا۔پریس کلب کے سالانہ انتخابات ہوتے ہیں اور ادارے میں جمہوری کلچر قائم ہے جس پر آج تک کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا۔ چیئرمین سینٹ کو آگا ہ کیا گیا کہ ادارے کوچلانے کے لیے وفاق یاصوبوں سے کوئی فنڈنہیں ملتا ۔لاہور پریس کلب کیساتھ بلوچستان جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

ادارہ صحافیوں کی بہتری کے لیے سیمینار ، ورکشاپ ،میڈیکل ودیگر امدادی کاموں کے لیے ممبران سے فنڈ اکٹھے کرتاہے۔لاہور پریس کلب کو عرصہ دراز سے نظر انداز کیا جارہاہے ۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کو لاہور پریس کلب کے دورے کی دعوت بھی دی گئی جسے چیئرمین سینٹ نے قبول کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ چیئرمین سینٹ نے ادارے کی بہتری کے لیے ذاتی طور پر 5لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا ۔ انہوں نے وفدسے ادارے کی بہتری کے لیے تجاویز طلب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ لاہور پریس کلب کو مزید موثر بنانے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت سے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین سینٹ نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا اور وفد کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں