عام انتخابات ، بڑی تعداد میں ووٹروں نے نادرا کے مراکز کا رخ کرلیا

جمعہ 20 جولائی 2018 13:57

عام انتخابات ، بڑی تعداد میں ووٹروں نے نادرا کے مراکز کا رخ کرلیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) عام انتخابات کے لئے پولنگ کا دن قریب آنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں نادرا کے مراکز میں شناختی کارڈز کے اجراء کے لئے بڑی تعداد میں ووٹروں نے رخ کرلیا جبکہ نادرا کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر گمشدہ یا زائد المعیاد شناختی کارڈ کے دوربارہ اجراء پر کام جاری ہے ۔ نادرا کی جانب سے معمول کے شناختی کارڈ کے لئے 40دن جبکہ ارجنٹ شناختی کارڈ کے لئے 25 دن کا وقت دیا جارہا ہے تاہم نادرا کے ذرائع کے مطابق نادرا میں معمول اور ارجنٹ دونو ں شناختی کارڈ ہنگامی بنیادوں پر پرنٹ کئے جارہے ہیں۔

شناختی کارڈ کے لئے درخواست دینے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رسید پر موجود ٹریکنگ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کر کے شناختی کے بارے میں معلومات لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء میں رائے دہندگان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے نادرا کو شناختی کارڈ کے اجراء اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

نادرا کو جاری ایک مراسلے میں ہدایات کی گئی ہیں کہ جن شہریوں نے گمشدہ کارڈ کی فراہمی کیلئے درخواستیں دی ہیں ، اٴْن درخواستوں پر عملدرآمد کو فوری طور یقینی بنایا جائے اور انہیں بلا تعطل/بلاتاخیر کے فوری طور پر شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔ اس کے علاوہ ایسے شہری جنہوں نے شناختی کارڈ میں تبدیلی کی درخواست دی ہے اٴْن کے شناختی کارڈ ضبط نہ کئے جائیں جب تک کہ ان کو نیا شناختی کارڈ جاری نہ ہو جائے۔

اس بات کے قطع نظر کے شناختی کارڈ کی تبدیلی یا گمشدگی کی درخواستیں نارمل یا ارجنٹ کیٹگری میں موصول ہوئی ہوں ان کی فوری کارروائی اور اجراء کو 24 جولائی تک یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ پولنگ کے دن رائے دہندگان کے پاس اصل شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے۔ نادرا کے مراکز میں شناختی بنوانے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ روزانہ کی بنیاد پر درخواستیں دے رہے ہیں جبکہ نادرا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بساط کے مطابق بغیر کسی تعطل کے شناختی کارڈ کی پرنٹ اور اجراء کو یقینی بنا رہے ہیں۔

اسی حوالے سے نادرا ایگزیکٹو سنٹر بلیو ایریا میں موجود شہریوں کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن گزشتہ انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ رسید پر بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دے اگر الیکشن کمیشن ایسا نہیں کرے گا تو بہت بڑی تعداد میں ووٹرز اپنے حق رائے دہی سے محروم رہ جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں