پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سازی کے لیے کوششیں

حکومت سازی اور عہدے سونپے جانے پر کروڑوں روپے کا جوا لگ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 اگست 2018 12:15

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سازی کے لیے کوششیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے جس کے لیے نمبرز گیم کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ ایک طرف حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتیں مشاورت میں مصروف ہیں تو دوسری جانب حکومت سازی پر کروڑوں روپے کا جُوا لگ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پسندیدہ اُمیدواروں پر کروڑوں روپے کا جُوا لگ گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کتنے ووٹ لے کر وزیر اعظم بنیں گے ،اسپیکر قومی اسمبلی کا معرکہ کون جیتے گا،پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا، ان سب پر جُواریوں نے جُوا لگانا شروع کر دیا ہے، سب سے زیادہ جوا وزیر اعلیٰ پنجاب کے اُمیدوار پر ہوگا جس کے لیے یاسر راجہ ، میاں اسلم قبال ، سبطین خان اور عبد العلیم خان کے ناموں پر شرطیں لگ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

بُک میکرز نے اس دوڑ میں چکوال کے یاسر راجہ کو سب سے زیادہ پسندیدہ اُمیدوار قرار دے کر ریٹ ستر پیسے نکالا ۔ اسلم اقبال اور سبطین خان پر بھی لاکھوں روپے کی شرطیں لگیں۔ اس فہرست میں عبد العلیم خان چوتھے نمبر پر ہیں۔وزارت عظمیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 180 ووٹوں کے ساتھ بُکیوں نے پسندیدہ قرار دیا۔ جواریوں نے یہ ریٹ بھی نکالا کہ خورشید شاہ اسپیکر شپ کے لیے جتنے ووٹ حاصل کریں گے ، شہباز شریف وزیر اعظم کے انتخاب میں اس سے کم ووٹ حاصل کریں گے ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عام انتخابات 2018ء میں بھی اس طرح کی سٹ بازی ہوئی تھی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ووٹس اور کامیابی ، ناکامی پر شرطیں لگی تھیں، ان دنوں میں بھی سٹے بازوں نے خوب کمائی کی تھی اور یہی عمل حکومت سازی کے دوران بھی دوہرایا جا رہا ہے جس میں ہر جواری اپنے پسندیدہ اُمیدوار پر شرط لگا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں