شہری پر تشدد کا معاملہ; پاکستان تحریک انصاف نے عمران شاہ کی رکنیت معطل نہیں کی

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے بیان جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 اگست 2018 11:58

شہری پر تشدد کا معاملہ; پاکستان تحریک انصاف نے عمران شاہ کی رکنیت معطل نہیں کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اگست 2018ء) : شہری پر تشدد کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی کی رکنیت معطل ہونے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم اب ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اس بات کی تردید کر دی ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ڈاکٹر عمران علی شاہ کی رکنیت معطل نہیں کی گئی ۔ ڈاکٹر عمران علی شاہ کو اس معاملے پر جواب جمع کروانے پر ایک دن کی مہلت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی رکنیت ایک ماہ کے لیے معطل کی۔ پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہری پر تشدد سے متعلق فیصلہ کمیٹی ہی کرے گی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کراچی کے علاقہ اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تشدد کررہے ہیں ۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عمران علی شاہ کی حرکت کو اسٹیٹس کو اور پروٹوکول کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی کے دوہرے معیار سے منسوب کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ندامت کا اظہار کیا اور واضح کیا کے ذمہ دار شہری اور منتخب رکن سندھ اسمبلی ہونے کے ناطے ان پر شہریوں کی حفاظت کا ذمہ زیادہ ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ویڈیو میں ادھوری حقیقت دکھائی گئی ۔

انہوں نے شہری کو اس لیے مارا پیٹا کیونکہ اس نے ایک غریب موٹرسائیکل سوار کو بار بار اپنی گاڑی سے ٹکر ماری تھی۔

معاملے پر احتجاج بڑھنے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے رکن اسمبلی عمران علی شاہ کوشوکاز نوٹس جاری کردیا۔

جس کے بعد نو منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ شہری داؤد کے گھر ان سے معافی مانگنے پہنچ گئے۔
ڈاکٹر عمران علی شاہ کے گھر آ کر معذرت کرنے پر متاثرہ شخص نے کہا کہ میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں