ملک کے 22ویں وزیراعظم کے لئے عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور، نئے قائد ایوان کا انتخاب (کل) عمل میں لایا جائے گا

جمعرات 16 اگست 2018 18:29

ملک کے 22ویں وزیراعظم کے لئے عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور، نئے قائد ایوان کا انتخاب (کل) عمل میں لایا جائے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ملک کے 22ویں وزیراعظم کے لئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے، دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر کسی بھی رکن کی جانب سے اعتراض نہیں اٹھایا گیا، نئے قائد ایوان کا انتخاب (کل) جمعہ کو عمل میں لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق جمعرات کو وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مقررہ وقت دوپہر 2 بجے تک صرف 2 امیدواروں عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دونوں امیدواروں کے نمائندوں کی موجودگی میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اور دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگیدرست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا، قائد ایوان کے انتخاب کے لئے ایوانکو دو لابیوں میں تقیسیم کیا جائے گا۔ہر امیدوار کے لیے قومی اسمبلی ہال میں ایک ایک لابی مختص ہوگی، جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا اس لابی میں چلا جائے گا، لابی کے دروازے پر اراکین کی فہرست میںرکن کا اندراج کیا جائے گا۔ جس کے بعد گنتی کی جائے گی اور اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا نیا وزیراعظم ہوگا۔ قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق 342 کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو سادہ اکثریت یعنی 172 ووٹ لینا ہوتے ہیں، اگر 172 کی اکثریت نہ ملے تو جو دو امیدوار پہلے اور دوسرے نمبر پر ہوں گے ان میں سے دوبارہ انتخاب ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں