قومی سیرت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے وفاقی مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

منگل 13 نومبر 2018 16:38

قومی سیرت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے وفاقی مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) قومی سیرت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منگل کو وزارت مذہبی امور میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق اور وزارت مذہبی امور کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر مذہبی امورکو قومی سیرت کانفرس کے حوالے سے اب تک کئے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرآگاہ کرتے ہوئے بتایاگیاکہ قومی سیرت کانفرنس 20 اور 21 نومبر کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کے دو سیشن ہوں گے ایک دن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایک دن وزیر اعظم پاکستان عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر مذہبی امور کو بتایاگیاکہ کانفرنس سے ملک بھر سے جید علمائے کرام سمیت مصر، سعودی عرب اور ایران سے بھی مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ کانفرنس کے تمام انتظامات کو بہترین انداز میں حتمی شکل دی جائے تاکہ غیر ملکی مہمانوں سمیت پاکستانی مندوبین میں سے کسی کو بھی تکلیف یا دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں