آئی ایم ایف کے وفد نے ہیرالڈ فنگر کی قیادت میں 14 روزہ دورہ پاکستان مکمل کر لیا

آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان متوقع پروگرام کیلئے پالیسی و ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے فریم ورک بارے اتفاق رائے کے سلسلہ میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، وزیر خزانہ

منگل 20 نومبر 2018 21:45

آئی ایم ایف کے وفد  نے ہیرالڈ فنگر کی قیادت میں 14 روزہ دورہ پاکستان مکمل کر لیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور حکومت پاکستان کے درمیان متوقع پروگرام کیلئے پالیسی و ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے فریم ورک بارے اتفاق رائے کے سلسلہ میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ اس ضمن میں مثبت بات چیت جاری رکھی جائے گی۔ آئی ایم ایف کے وفد ہیرالڈ فنگر کی قیادت میں 14 روزہ دورہ پاکستان مکمل کر لیا ہے، 7 سے 20 نومبر کے دوران وفد نے حکومت پاکستان کی کلیدی وزارتوں بشمول وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، وزارت توانائی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کے ساتھ مذاکرات کئے۔

ان مذاکرات کے دوران پاکستان کی معیشت کے تقریباً تمام شعبوں پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں ممبران پارلیمنٹ اور صوبائی وزراء خزانہ نے بھی آئی ایم ایف مشن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے منگل کو آئی ایم ایف مشن کے ساتھ اختتامی اجلاس کی صدارت کی۔ آئی ایم ایف کے متوقع پروگرام کیلئے پالیسی و ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے فریم ورک بارے اتفاق رائے کے سلسلہ میں حکومت پاکستان اور مشن کے درمیان نمایاں پیشرفت ہوئی۔

بیان کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے آنے والے ہفتوں میں مثبت بات چیت جاری رہے گی۔ حکومت پاکستان نے عام لوگوں کی سماجی و اقتصادی بہتری کو بڑھانے سے متعلق اپنے وسیع البنیاد ترقیاتی ایجنڈا کے حصول کے سلسلہ میں آئی ایم ایف کی جانب سے معاونت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں