سی پیک کے تحت گوادر سے شروع ہونے والی خوشحالی سے بلوچستان کے حالات مثبت سمت کی طرف جائیں گے،

قائمقام صدر مملکت محمد صادق سنجرانی کا لورالائی سے دورہ پر آئے ہوئے اساتذہ اور طلباء سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 17:40

سی پیک کے تحت گوادر سے شروع ہونے والی خوشحالی سے بلوچستان کے حالات مثبت سمت کی طرف جائیں گے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت گوادر سے شروع ہونے والی خوشحالی سے بلوچستان کے حالات مثبت سمت کی طرف جائیں گے اور بہتر مستقبل کیلئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوان صدر میں لورالائی سے دورہ پر آئے ہوئے اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائمقام صدر نے کہا کہ طلباء ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور یہ ایک حقیقت ہے کہ آج کے یہ طلباء کل انہی راہداریوں میں پاکستان کے لیڈر کے طور پر نظر آئیں گے۔ محمد صادق سنجرانی نے اساتذہ و طلباء سے خطاب میں کہا کہ محنت اور لگن کے بغیر ہم توقعات پر پورا نہیں اترسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیلنجز پر پورا اترنے کیلئے بھرپور محنت سے کام کریں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر نے لورالائی بلوچستان کے اساتذہ اور طلباء سے کہا کہ میرے لئے یہ موقع اس لحاظ سے بھی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کہ آپ اس صوبہ سے تشریف لائے ہیں جس سے میرا بھی تعلق ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء کو یقین دلایا کہ وہ بحیثیت چیئرمین سینیٹ اپنی مخلصانہ جدوجہد جاری رکھیں گے جس سے صوبہ بلوچستان کی نوجوان نسل کیلئے تعلیم کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں اور انہیں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔ قائمقام صدر نے لورالائی کے اساتذہ اور طلباء کا ایوان صدر آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں