چیئرمین سینیٹ کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمدبن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں وفد پاکستان پہنچ گیا

منگل 23 اپریل 2019 23:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمدبن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں وفد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔ نور خان ایئر بیس پر وفد کا استقبال سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق، وفد کے مہمان داری سینیٹر دلاور خان، سینیٹرلیفٹینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم خان، سینیٹر خانزادہ خان، سینیٹر پروفیسرمہر تاج روغانی، منظور احمد کاکڑ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے کیا۔

(جاری ہے)

دورے کا مقصد باہمی روابط کے علاوہ سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں مواقعوں کو فروغ دینا ہے۔ سعودی وفد کا یہ دورہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کے اعادہ کے طور پر ہو رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے سماجی ، سیاسی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وفد اپنے اس دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم پاکستان عمران خان ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آرمی چیف اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں