وزیر اعظم عمران خان کی سری لنکن ہم منصب رانیل ورکرما سنگھے کو ٹیلیفون،

ایسٹر کے موقع پر دہشت گرد حملوں کی پر زور مذمت

بدھ 24 اپریل 2019 12:29

وزیر اعظم عمران خان کی سری لنکن ہم منصب رانیل ورکرما سنگھے کو ٹیلیفون،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو اپنے سری لنکن ہم منصب رانیل ورکرما سنگھے کو ٹیلیفون کیا اور ایسٹر کے موقع پر دہشت گرد حملوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمی کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے عوام قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں سری لنکا کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہونے کی بناء پر ہم سری لنکا کے بھائیوںکی تکلیف کو محسوس کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد، مذہب نہیں ہوتا اور اس سے پورے خطے اور دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے ہر ممکنہ حمایت کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی اقدامات کے حوالے سے سری لنکا کو معاونت کی پیشکش کا اعادہ بھی کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں