آصف زرداری کے اکاﺅنٹنٹ کو7روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا

ملزم محمد حنیف پارک لین میں اکاﺅنٹنٹ اور پرتھینان کمپنی میں سیکرٹری ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 اپریل 2019 13:45

آصف زرداری کے اکاﺅنٹنٹ کو7روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 اپریل۔2019ء) احتساب عدالت نے آصف زرداری کی کمپنی کے اکاﺅنٹنٹ حنیف کو7روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا، ملزم محمد حنیف پارک لین میں اکاﺅنٹنٹ اور پرتھینان کمپنی میں سیکرٹری ہیں. تفصیلات کے مطابق جعلی اکاﺅنٹس سے منی لانڈنگ کیس کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی، نیب کی جانب سے گرفتار ملزم محمد حنیف کو جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا ، جج محمد بشیر نے استفسار کیا آپ کی کیا عمر ہے، جس پر ملزم محمد حنیف نے بتایا میری عمر 58 سال ہے میرا وکیل نہیں ہے.

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا ملزم محمد حنیف پارک لین میں اکاﺅنٹنٹ اور پرتھینان کمپنی میں سیکرٹری ہیں، ملزم نے ڈیڑھ ارب کاقرضہ لیا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ملزم سے ریکارڈ لینا ہے تفصیلات جاننی ہے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے. جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے پچھلے دونوں ملزمان کے ساتھ ہی پیش کر دیں اس کو بھی، جس کے بعد عدالت نے ملزم محمد حنیف کو 2 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا.

گذشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے جعلی بینک اکاﺅنٹ سکینڈل میں میسرز پارک لین اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے اکاﺅنٹنٹ اور میسرز پارتھینون پرائیویٹ لمیٹڈ کے کمپنی سیکرٹری ملزم محمد حنیف کو گرفتار کیا تھا. ملزم نے ملی بھگت سے حبیب بینک لمیٹڈ سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا، نقد رقم وصول کرکے جعلی افراد کے نام پر پے آرڈر تیار کئے اور بینیفیشل مالکان کو بچانے کیلئے میسرز پارک لین اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ سے ذاتی فائدے حاصل کئے.

واضح رہے کہ پانچ دن قبل جعلی اکاﺅنٹس کیس میں نیب نے آصف زرداری کی فرنٹ کمپنی ٹرے کام کے جنرل منیجر سلیم فیصل کو بھی گرفتار کیا تھا، جو جعلی اکاﺅنٹس کیس کا اہم ملزم ہے. نیب حکام نے بتایا کہ ملزم نے پیراتھون کمپنی کو کرپشن سے قرض دلوانے میں معاونت کی، پیراتھون کمپنی کو قرض دلوانے کے لیے پراپرٹی کا زیادہ تخمینہ لگایا گیا، فرضی کمپنی پیراتھون کو دھوکا دہی سے ڈیڑھ ارب کا قرض دلوایا گیا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں