مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن نے جواب طلب کرلیا

مریم نون لیگ کی نائب صدارت کی اہل نہیں‘ابو بچاﺅ مہم راﺅنڈ ٹو کی سیاسی میٹنگ کل ہوئی. ملیکہ بخاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 جون 2019 13:03

مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن نے جواب طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جون۔2019ء) الیکشن کمیشن پاکستان نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر مسلم لیگ(ن) سے جواب طلب کرلیا ہے. چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مریم نواز کو نون لیگ کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست کی سماعت کی‘ مسلم لیگ نون کی جانب سے جہانگیر جدون اور مریم نواز کی جانب سے بیرسڑ ظفر اللہ پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کی نمائندگی حسن مان نے کی.

مسلم لیگ نون اور مریم نواز کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کاپی طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تاحال پٹیشن کی کاپی نہیں ملی ہے، جب کاپی ملے گی تو جواب جمع کرائیں گے.

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے نون لیگ کے وکلاءکو پٹیشن کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 جون تک ملتوی کردی. الیکشن کمیشن نے نون لیگ کو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نون لیگ سے آئندہ سماعت پر جواب مانگ لیا.

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی اورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی اہلیت کے خلاف درخواست گزار ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نون لیگ کی نائب صدارت کی اہل نہیں. انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم نے پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی ہے‘ ابو بچاﺅ مہم راﺅنڈ ٹو کی سیاسی میٹنگ کل ہوئی، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی تجربہ نہیں ہے.

ملیکہ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف نے پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی. واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے پارٹی عہدہ رکھنے کی اہل نہیں ہیں اس لئے انہیں نائب صد رکے عہدے سے ہٹایا جائے. درخواست گزار کے مطابق مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اس لیے وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں