وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کی ملاقات

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے اب تک ہونیوالی پیش رفت، ملتان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم علاقائی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا گزشتہ حکومتوں کی عدم توجہ اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی بڑھتا رہا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، مخدوم شاہ محمود قریشی

بدھ 18 ستمبر 2019 00:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی نے منگل کو ملاقات کی۔ وفد میں چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زین قریشی، ممبران قومی اسمبلی محمد ابراہیم خان، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑ و صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک ممبران صوبائی اسمبلی جاوید اختر انصاری، محمد ندیم قریشی، ملک واصف مظہر، نوابزادہ وسیم خان بدوزئی، سلیم اختر میاں طارق عبداللہ قاسم عباس خان اور ظہیر الدین علیزئی شامل تھے۔

ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے اب تک ہونیوالی پیش رفت، ملتان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم علاقائی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی عدم توجہ اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی بڑھتا رہا جن کا ازالہ اب پی ٹی آئی کی حکومت "جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ" کے قیام کے ذریعے کر رہی ہے۔

ملتان کے پارلیمینٹیرینز کے وفد نے صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے "نشتر ٹو" منصوبے کے اجراء پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ملتان میں جاری بالخصوص اور جنوبی پنجاب میں بالعموم جاری ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ نے اراکین اسمبلی کو تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران ملتان میں آئندہ ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس مشاورتی سلسلے کو آئندہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ملتان سے تعلق رکھنے والے معزز اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں