عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کروائے ،صادق سنجرانی

امت مسلمہ کو اپنے مسائل پر اکٹھا ہو کرحل خود ہی تلاش کرنا وبھارت پر دبائو بڑھانا ہوگا :سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملے کی پاکستان نے شدید الفاظ میںمذمت کی ہے،چیئرمین سینٹ کا واحد امت کانفرنس سے خطاب

پیر 23 ستمبر 2019 23:52

عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کروائے ،صادق سنجرانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) ء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گزشتہ 50 روز سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کی جانب سے منعقد کی گئی و حدتِ امت کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے مسائل پر خود اکٹھا ہونا ہوگا اور ان مسائل کا حل خود ہی تلاش کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس انتہائی اہم موقع پر منعقد کی جا رہی ہے کیونکہ ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کیلئے ہمیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے باہمی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا اور مسلم اُمہ کو متحد کر کے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ قتل عام بند کر کے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دے ۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملے کی پاکستان کی حکومت نے شدید الفاظ میںمذمت کی ہے اور پاکستان کی پارلیمان اور عوام بھی اس دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ صادق سنجرانی نے پاکستان کی عوام اور پارلیمان کی جانب سے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے شاہ سلمان بن العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو تہہ دل سے مبارکباد بھی دی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بے مثال تعلق رکھتے ہیں اور اس کی جڑیں سماجی و مذہبی مماثلتوں پر مبنی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح کے علاوہ عوامی سطح پر بھی دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے میں علماء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور آج کی یہ کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر بھی پاکستان کا موقف واضح ہے اور پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کانفرنس کے انعقاد پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور منتظمین کو مبارکباد دی ۔ کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ ، مختلف مسلم ممالک کے سفراء ، مندوبین اور سیاسی رہنمائوںنے بھی خطاب کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں