اسلام آباد ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم

اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ ڈیڈ لاک کو ختم کرائیں، اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچائیں،عدالت اس حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گی، ہائی کورٹ

پیر 14 اکتوبر 2019 13:10

اسلام آباد ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ ڈیڈ لاک کو ختم کرائیں، اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچائیں،عدالت اس حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گی۔

پیر کو کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی ۔ دور ان سماعت وفاق کی جانب سے سماعت روکنے کی استدعا کی گئی ۔وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا جس میں کہاگیاکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسی نوعیت ایک درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔جواب میں کہاگیاکہ سپریم کورٹ جب تک فیصلہ نہیں کرتی،ہائی کورٹ تب تک سماعت نہ کرے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور نے ایک صفحے کا جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرایا ، جواب میں کہاگیاکہ امید ہے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست پر جلد سماعت کرے گی،وزارت قانون و انصاف ہائی کورٹ میں جمع کرانے کے لیے پیروائز کمنٹس تیار کررہا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ سپریم کورٹ،سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواستیں دائرہوئیں ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے،کیا آپ الیکشن کمیشن کو غی فعال کرنا چاہتے ہیں،الیکشن کمیشن تقریباً غیر فعال ہوچکا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا پارلیمنٹ اتنا چھوٹا معاملہ بھی حل نہیں کرسکتی،اسپیکر قومی اسمبلی اور چئیرمین سینٹ کو یہ معاملہ مشاورت سے حل کرنا چاہیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت ابھی تک ڈیڈ لاک کا دفاع کرنا چاہتا ہی ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ مجھے وفاقی حکومت سے ہدایات لینے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے کہاکہ پارلیمنٹ پر اعتماد ہے وہ اس معاملے کو حل کرے گی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ون کہے گا کہ پارلیمنٹ کے فورم پر یہ معاملہ حل نہیں ہونا چاہیے۔ عدالت نے کہاکہ آئینی اداروں کو غیر فعال نہیں ہونا چاہیے کیا حکومت یہ چاہتی ہی ۔بعد ازاں ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم دیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں