نواز شریف اپنے علاج سے مطمئن ہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد کا سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دعویٰ

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی عیادت کی اور ان تک وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 23 اکتوبر 2019 21:00

نواز شریف اپنے علاج سے مطمئن ہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد کا سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دعویٰ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) ڈاکٹر یاسمین راشد نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی عیادت کی اور ان تک وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا۔ صوبائی وزیر صحت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عیادت کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ایم ایل (ن) کے قائد نے ان سے خود کہا ہے کہ وہ اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جب اسپتال آئے تھے تو اس وقت ان کے پلیٹس لیٹس کی تعداد دس ہزار تھی لیکن جب ٹیسٹ ہوا تو ان کی تعداد دو ہزار رہ گئی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے سوال کیا کہ سابق وزیراعظم کے خون میں پلیٹس لیٹس کی تعداد میں کمی کیوں واقع ہوئی؟ اس کی وجوہات ڈھونڈنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں رپورٹس آجائیں گی تو وجوہات سامنے آجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو علاج کے لیے ہر قسم کی سہولتیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پی ایم ایل (ن) کے قائد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ انہوں نے خود نواز شریف سے پوچھا کہ مزید کچھ چاہیے تو بتادیں؟ لیکن نواز شریف نے کہا کہ وہ علاج سے مطمئن ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی خرابی صحت سے متعلق کہا ہے کہ انہیں پاکستان میں بہترین علاج کی سہولیات فراہم کیا جائیں گی۔ منگل کے روز صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی ضرورت ہوئی تو اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ جبکہ مریم نواز کو نواز شریف سے ملاقات کی جازت دینے کا فیصلہ بھی عدالت کو ہی کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں