حکومت کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دے گی ،پی آئی سی پر حملہ میں ملوث وکلا ء کے خلاف ایف آئی آرز درج کرلی ہیں ،

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:12

حکومت کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دے گی ،پی آئی سی پر حملہ میں ملوث وکلا ء کے خلاف ایف آئی آرز درج کرلی ہیں ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے میں ملوث وکلاء کو ہرگز معاف نہیں کرے گی اور اُن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی جنہوں نے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش کی ہے۔ نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کے حکومت ہرگز کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دے گی جس کسی نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی اُس کا جلداحتساب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے بدھ کے روز لاہور میں حکومت کے زیر انتظام پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملہ کرنے والے تقریباً 250 وکلا ء کے خلاف ایف آئی آر زدرج کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا فوٹیجزکی مدد سے وکلاء کے شعبے میں شامل اُن کالی بھیڑوں کی شناخت کر لیںگے جو غیر انسانی ‘غیر اخلاقی واقعہ میں ملوث تھے۔۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اسلام آباد سے خاص طور پر ہسپتال بھیجا کہ میں دونوں فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کروں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں لاقانونیت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکلاء کو اپنی غلطیوں کا احساس ہونا چاہیے اور میں ڈاکٹر وں سے بھی اپیل کرتا ہوں کے وہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو کھلا رکھیں کیونکہ اس میں مریضوں کی کوئی غلطی نہیں ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت ’’شہید مریضوں‘‘ کے لواحقین کو معاوضے ادا کریگی اور جن ڈاکٹروں کی گاڑیوںکو نقصانات ہوئے اس کا بھی ازا لہ کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں