اسپیکر اسد قیصرکا چین ، سعودی عرب ،ترکی ،برطانیہ، اٹلی، امریکہ ،ایران اور سپین کے سپیکرزکو خط

کورونا وائرس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

بدھ 8 اپریل 2020 01:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چین امریکا برطانیہ اٹلی سپین سمیت دیگر ممالک کی پارلیمنٹس میں اپنے ہم منصب سے کورونا وائرس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کواسپیکر نے نیشنل پیپلز کانگریس آف چائنا، سعودی عرب ،ترکی ،متحدہ عرب امارات ،برطانیہ، اٹلی، امریکہ ،ایران اور سپین کی پارلیمنٹس کے سپیکرز کے نام اپنے الگ الگ خطوط کے ذریعے عالمی وبا کورونا کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں یک جہتی کا پیغام دیا۔

نیشنل پیپلز کانگریس آف چائنا کے چیئرمین کے نام اپنے خط میں سپیکر نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام نے جس مثالی انداز میں اس وبا کا مقابلہ کیا وہ دنیا کے لئے قابل تقلید ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ چینی حکومت نے مشکل وقت میں جس طرح پاکستانی طلباء کا خیال رکھا ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ موجودہ صورت حال میں پاکستانیوں کی صحت کے لئے چین کی طرف سے فراخدلانہ مدد پر شکر گذار ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے نام اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر تعاون کی اشد ضرورت ہے اس ضمن میں ریاستوں پر پابندیوں میں نرمی اور قرضوں کی ادائیگیوں میں ریلیف اہم تعاون ثابت ہو سکتا ہے۔برطانوی دارالعوام کے سپیکر کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن جلد صحت یاب ہونگے۔

ترک سپیکر کے نام اپنے خط میں انہوں نے کہا پاکستان سماجی فاصلوں کے ذریعے وبا کے پھیلائو کو روکنے اور معیشت کے پہیئے کو رواں دواں رکھنے میں توازن پیدا کرنے میں کوشاں ہے۔ ایرانی سپیکر کے نام خط میں ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ کہ وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں ریلیف دینے کے حوالے سے بات کی ہے کیونکہ مشکل کی اس گھڑی میں اس ریلیف سے ترقی پذیر ممالک کے لئے مالی گنجائش پیدا ہوگی اور وہ اپنے لوگوں کی جانیں بچانے اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔

اسی طرح سپیکر نے سعودی عرب متحدہ عرب امارات ایران اٹلی اور اسپین کے سپیکرز کے نام اپنے خط میں ان کے شہریوں کی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اس عالمی وبا کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں