پاکستان کا 400 طالبان قیدیوں کو رہاکرنے سے متعلق افغان لویا جرگہ کی سفارشات کا خیرمقدم

امید ہے امریکہ طالبان معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی سے متعلق اقدام پر عملدرآمد کے ساتھ ہی انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز جلد ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ

پیر 10 اگست 2020 00:50

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) پاکستان نے باقی ماندہ 400 طالبان قیدیوں کو رہاکرنے سے متعلق افغان لویا جرگہ کی سفارشات کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ طالبان معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی سے متعلق اقدام پر عملدرآمد کے ساتھ ہی انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز جلد ہوگا۔

(جاری ہے)

اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان قیادت اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغانستان میں جامع، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے لئے انٹرا افغان مذاکرات کے ذریعے مل کر تعمیری انداز میں کام کریں۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کی غرض سے انٹرا افغان مذاکرات کی کامیابی کے لئے کوششوں کو بروئے کار لانا چاہئیے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اپنی طرف سے ہمیشہ افغان حکومت اور افغان عوام کی زیرقیادت مفاہمتی عمل کی حمایت کی ہے۔جبکہ اس عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پرامن ، مستحکم ، متحد ، جمہوری ، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں