پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 19 ویں نمبر پر آ گیا

مزید 8 افراد موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے،318کیسز سامنے آگئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

منگل 29 ستمبر 2020 16:32

پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 19 ویں نمبر پر آ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 19 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 672 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 8 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 318 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 516 ہو چکی ،اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 6 ہزار 474 تک جا پہنچی ہے۔کورونا وائرس کے ملک میں 8 ہزار 702 مریض اب بھی ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 419 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 96 ہزار 340 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 36 ہزار 395 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 495 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 99 ہزار 292 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 234 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 727 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 259 ہو گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 532 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 181 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 177 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 730 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 88 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 2 ہزار 663 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 72 مریض وفات پا چکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 665 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کل 34 لاکھ 82 ہزار 206 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں