موجودہ تحریک کسی کے اشاروں پر چل رہی ہے

ن لیگ کے لوگ ایک طرف اداروں پر حملہ کرتے ہیں تو دوسری طرف اداروں سے مدد بھی مانگتے ہیں، نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں چلیں گے۔ ندیم افضل چن

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 21 اکتوبر 2020 11:03

موجودہ تحریک کسی کے اشاروں پر چل رہی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ اب تک جتنی تحریکیں چلی ہیں وہ کسی نہ کسی کے اشارے پر چلی ہیں۔موجودہ تحریک بھی کسی کے اشاروں پر چل رہی ہے۔ن لیگ کو پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی ہو گی اور بتانا ہو گا کہ وہ کیسے ووٹ کو روندتے رہے ہیں۔ن لیگ کے لوگ نواز شریف کے بیانیےکے ساتھ نہیں چلیں گے۔

یہ ایک طرف اداروں پر حملہ کرتے ہیں۔دوسری طرف اداروں سے مدد بھی مانگتے ہیں۔اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں۔ہمارے ہی کچھ دوستوں نے اپوزیشن کے جلسوں کو زیادہ اہمیت دے دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اسی لڑائی کو سیاسی طور پر لڑنا چاہیے ، جس کے لیے حکومت کو اپوزیشن کو انگیج کرنا ہوگا ، کیوں کہ جمہوری انداز میں آگے بڑھنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں تقریر کی لیکن گزشتہ روز نہیں کی ، ہو سکتا ہے ہم نے انہیں انگیج کرلیا ہو، اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے دوسری طرف سابق وزیراعظم و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل صبح طے ہو گیا تھا نوازشریف خطاب نہیں کریں گے، کیوں کہ یہ نوازشریف کا اپنا فیصلہ تھا کہ وہ تقریر نہیں کریں گے ، نوازشریف نے کہا تھا کہ آج مجھے خطاب کی ضرورت نہیں ہے ، نواز شریف نے کہا تھا کہ کوئٹہ جلسے میں خطاب کروں گا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی ادارے کی حدود میں واقعہ پیش آیا ، وفاقی ادارے کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی ، ایک شخص کی جانب سے کہا گیا میری دل آزاری ہوئی جس پر کارروائی کی گئی ، سندھ حکومت کہتی ہے ہمارا واقعے سے کوئی تعلق نہیں، یہاں دال میں بہت کچھ کالا ہے ، وفاقی حکومت کو جواب دینا پڑے گا ، وفاق صوبائی حکومت کے معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے ، سندھ حکومت کو واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں