بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں،صدر مملکت

کشمیری ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے گھروں میں قید ہیں ، کشمیری اپنی ہی زمین میں غیر ملکی اور اپنی سڑکوں پر آزادانہ طور پر چلنے کے قابل نہیں ، عارف علوی

منگل 27 اکتوبر 2020 14:49

بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں،صدر مملکت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں۔ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ آج کے دن بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے قدم اٹھایا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام ، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کیا۔

(جاری ہے)

صدر عارف علوی نے کہاکہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیری ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے گھروں میں قید ہیں ، کشمیری اپنی ہی زمین میں غیر ملکی اور اپنی سڑکوں پر آزادانہ طور پر چلنے کے قابل نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ 80 لاکھ کشمیریوں پر 9 لاکھ سے زائد قابض فوج نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ انہوکںنے کہاکہ بھارت کے غیر انسانی اقدامات ، وحشیانہ جبر نے ہندوتوا آر ایس ایس بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی مظالم کی ہولناکی اور ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیری عوام پر عزم ہیں، کشمیری عوام نے ثابت کیا کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کے عزم کو دبا نہیں سکتا۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں اور ناقابل ِ تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں،کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق ِخودارادیت حصول تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں