ایازصادق مشکل میں ، عمران خان سے انتہائی سخت ایکشن لینے کا مطالبہ

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کہتا ہے کوئی بھی ایسی چیز جس سے ریاست پاکستان کو نقصان ہویا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے، اگر آپ کو حکومت کی طرف سے ایسا کچھ بتایا جائے اور آپ اس کو عام کردیں تو آپ کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے ، صحافی و تجزیہ کار عمران یعقوب خان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 10:21

ایازصادق مشکل میں ، عمران خان سے انتہائی سخت ایکشن لینے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کی طرف سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار عمران یعقوب خان نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کہتا ہے کہ کوئی بھی ایسی چیز جس سے ریاست پاکستان کو نقصان ہویا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے، اگر آپ کو حکومت کی طرف سے ایسا کچھ بتایا جائے اور آپ اس کو عام کردیں تو آپ کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے، اس بناء پر وفاقی حکومت کو بھی چاہیئے کہ سخت سے سخت ایکشن لے ، کیوں کہ ان کیمرہ اجلاس ہوتے ہی اس لیے ہیں اور وہ اوپن اجلاس نہیں ہوتے کیوں کہ ان میں ایسی باتیں کی جاتی ہیں جن کے بارے میں مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ عام نہ کی جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف ایک شہری نے غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے لاہور پولیس کو درخواست دے دی، جیل روڈ کے رہائشی فرقان احمد نے قومی سلامتی سے متعلق بیان پر تھانہ سول لائنز میں درخواست دی ، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 29 اکتوبر کی شام 7 بجے ایک ٹی وی پروگرام میں ایازصادق بھارتی فوج کے حق میں بول رہے تھے ، وہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے تھے ، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایاز صادق ایک بھارتی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے تھے اور پاکستان کی سلامتی اور عزت پر کھلم کھلا حملہ کر رہے تھے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے ،شہری نے پولیس کو درخواست میں استدعا کی کہ ایاز صادق کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں