نوازشریف بڑے ’پاپڑ بیل کر‘ باہر گئے ، واپس نہیں آئیں گے، شیخ رشید

مریم نواز تو پہلے ہی ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں ، ن لیگ کے باقی رہنما کہہ دیں گے کہ لندن سے ڈاکٹر نے نوازشریف کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی ، وفاقی وزیر ریلوے کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 نومبر 2020 14:28

نوازشریف بڑے ’پاپڑ بیل کر‘ باہر گئے ، واپس نہیں آئیں گے، شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف بڑے پاپڑ بیل کر باہر گئے ہیں وہ واپس نہیں آئیں گے ، مریم نواز تو پہلے ہی ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان میں ماں کے جنازے میں شرکت کریں لیکن وہ واپس نہیں آئیں گے اور پاکستان میں موجود نوازشریف کی پارٹی کے باقی رہنما یہ کہہ دیں گے کہ لندن سے ڈاکٹر نے نوازشریف کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں شہبازشریف کا رول دانش مندی ، مذاکرات اور معاملہ فہمی کا ہے ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب رزلٹ کے خواہشمند ہیں اور جوڈو کراٹے نہیں چاہتے کیوں کہ شہباز شریف کو علم ہے سیاست بند گلی میں داخل ہوگئی تو جیلوں سے چیخوں کی آوازیں آئیں گی لیکن مریم نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف بہت آگے نکل گئے ہیں ، اس لیے دونوں کےمعاملے میں شہباز کی کوششیں ماند پڑ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی ہیں ، ان کی عمر 90 سال تھی اور وہ طویل عرصے علیل تھیں ، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے تصدیق کی تھی کہ ان کی دادی انتقال کر گئی ہیں، صبح وہ نماز کے لیے اُٹھیں تو ان کی طبیعت خراب ہوئی، جس پر انہیں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ اسی بیماری کے باعث انتقال کر گئیں ۔ بتایا گیا ہے کہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی میت کو لاہور لایا جائے گا، لاہور میں دوسری مرتبہ نماز جنازہ پڑھنے کے بعد ان کو جاتی عمرہ میں ان کے شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں