حکومت کا ق لیگ کو سینیٹ میں انٹری کے لیے گرین سگنل کسی این آر او کا حصہ ہے یا نہیں؟

سینئیر صحافی و تجزیہ کار طاہر ملک نے حکومت اور اتحادی جماعت کے مابین ہونے والے اتفاق کی وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جنوری 2021 11:15

حکومت کا ق لیگ کو سینیٹ میں انٹری کے لیے گرین سگنل کسی این آر او کا حصہ ہے یا نہیں؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2021ء) : حکومت اور اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے مابین سینیٹ انتخابات پر ہونے والے اتفاق کو این آر او سے منسوب کیا جا رہا تھا ، اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار طاہر ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان این آر او کی بات کرتے ہیں اور انہوں نے اس ملک میں این آر ا و دینا بھی نہیں لیکن آج قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور ہائی کورٹ میں کہہ دیا ہے کہ چوہدری برادران پر کوئی مقدمہ نہیں ہے اور وہ صاف ستھرے ہوگئے ہیں۔

آج پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق کو پنجاب میں گرین سگنل دے دیا ہے کہ آپ کو ہم پنجاب میں ایک سینیٹر دے دیں گے اور انہوں نے اعلان بھی کردیا ہے کہ کامل علی آغا ہمارے سینیٹر ہوں گے۔

(جاری ہے)

صحافی و تجزیہ کار طاہر ملک نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ ننھا منا این آر او نہیں ہے؟ کیونکہ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی مسلسل ٹویٹ کر رہے تھے کہ پنجاب میں کوڑا کرکٹ بہت ہوگیا ہے، وائی فائی بند ہوگیا اور چودھری شجاعت نے کہا تھا کہ ملکی تاریخ میں اتنے برے حالات نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور مسلم لیگ ق کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے صوبہ پنجاب سے سینیٹ کی ایک نشست حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ ق کو دے دی گئی ، جس کے لیے پی ٹی آئی کے اراکین ق لیگ کے سینیٹ امیدوار کی حمایت کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے گذشتہ روز سینئیر رہنما کامل علی آغا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں