اقوام متحدہ نے پاکستان میں عدم مساوات پر مبنی رپورٹ جاری کردی

انصاف کا جھکاؤ طاقتور اور امیر کی طرف زیادہ ہے، انصاف کم آمدن والوں کی پہنچ سے باہر ہے، صنعتی اور بینکاری شعبہ سب سے زیادہ مراعات حاصل کررہا ہے، مسابقتی کمیشن منصفانہ قیمتیں بنانے میں ناکام ہے۔ رپورٹ کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 اپریل 2021 19:55

اقوام متحدہ نے پاکستان میں عدم مساوات پر مبنی رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2021ء) اقوام متحدہ نے پاکستان میں عدم مساوات پر مبنی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے تحت پاکستان میں انصاف کا جھکاؤ طاقتور اور امیر کی طرف زیادہ ہے، نظام انصاف کم آمدن والوں کی پہنچ سے باہر ہے، صنعتی اور بینکاری شعبہ سب سے زیادہ مراعات حاصل کررہا ہے،مسابقتی کمیشن منصفانہ قیمتیں بنانے میں ناکام ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے پاکستان میں عدم مساوات پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں امیر کوانصاف کے زیادہ مواقع میسر ہیں، غریب لوگ روکھی سوکھی کھانے پرمجبورہے۔انصاف کا جھکاؤ طاقتور کی طرف زیادہ نظر آتا ہے۔نظام انصاف کم آمدن والوں کی پہنچ سے باہر ہے۔طاقتور طبقہ اور کمزور طرز حکمرانی عدم مساوات بڑھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آمدنی اور دولت کی عدم مساوات بے حد زیادہ ہے۔ اسی طرح صوبوں کی سطح پر آمدنی میں عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے۔ بچوں کو محنت و مشقت سے روکنے اور صنفی ترقی میں بُری کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، طاقتور طبقات خامیوں اور پالیسیوں کو اپنے فوائد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ طاقت کے استعمال سے ملک میں دولت اور مواقع کی غیر منصفانہ تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے۔

پاکستان میں کارپوریٹ سیکٹر سب سے زیادہ مراعات یافتہ طبقہ ہے۔صنعتی اور بینکاری شعبہ سب سے زیادہ مراعات حاصل کررہا ہے۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ مراعات جاگیر طبقے کے پاس ہیں۔مسابقتی کمیشن منصفانہ قیمتیں بنانے میں ناکام ہے۔ ٹیکس پر چھوٹ، کم قیمتیں، زمین اور سرمائے تک ترجیحی بنیادوں پر رسائی سے عام طور پر کارپوریٹ سیکٹر، جاگیردار طبقہ، انتہائی زیادہ آمدنی رکھنے والے لوگ، بڑے تاجر، سرکاری ادارے اور برآمدکنندگان فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ان طبقات کو سال 2017-18 میں حاصل مراعات کی قدر 2 ہزار 660 ارب روپے تھی جو ملک کی مجموعی آمدن کا 7 فی صد ہے۔ مزدور، مہاجرین، خواجہ سرا اور خصوصی افراد حکومتی سہولیات مراعات پر انتہائی کم مطمئن ہیں۔ کورونا وبا کی وجہ سے جون 2020 تک ملک میں 50 لاکھ افراد بےروزگار ہوئے۔ کورونا کے اثرات کی وجہ سے سال 2021 کے اختتام تک دو کروڑ 80 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے۔ بلوچستان انسانی ترقی کی راہ میں سب سے پیچھے رہ گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں