راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں وزیراعظم عمران خان پر براہ راست ملوث ہونے کا الزام

وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کے رہائشی منصوبوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری خزانے پر 60 ارب کا بوجھ ڈالا، جنرل سیکرٹری ن لیگ احسن اقبال

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 مئی 2021 23:00

راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں وزیراعظم عمران خان پر براہ راست ملوث ہونے کا الزام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 18 مئی 2021) وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کے رہائشی منصوبوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری خزانے پر 60 ارب کا بوجھ ڈالا، راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں وزیراعظم عمران خان پر براہ راست ملوث ہونے کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے الزام لگا ہے کہ رنگ روڈ اسکینڈل براہ راست وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نگرانی میں ہوا۔

لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کے رہائشی منصوبوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری خزانے پر 60 ارب کا بوجھ ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسروں کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے، حقائق سامنے آچکے، عمران خان اور عثمان بزدار مجرم ہیں لہٰذا یہ ذمے داری قبول کرکے استعفیٰ دیں۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کا کہنا تھاکہ اگر یہ دونوں عہدوں پر موجود رہے تو یہ تحقیقات پر اثر انداز ہوں گے، آپ نے ملک کا ستیاناس کردیا، کون جواب دے گا؟ قوم کو دھوکا دے کر آپ کام نہیں چلاسکتے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرپٹو کریسی کی حکومت ہے، حکومت کا دھیان صرف کرپشن پرہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، وزیر خزانہ تبدیل کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، اسد عمر اور حفیظ شیخ نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک روپیہ قرضہ واپس نہیں کیا، اس حکومت نے 13 ہزار ارب روپے قرضہ بڑھایا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال ستمبر میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری دی تھی ، منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ25 ارب روپے لگایا گیا لیکن بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر وزیراعظم نے منصوبے کو رکوا دیا اور تحقیقات کی منظوری دی تھی ، جس میں پتہ چلا کہ اصل منصوبہ تبدیل کر دیا گیا تھا جس سے لاگت میں اضافہ ہوا ، عمران خان نے منصوبے کی لاگت بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی تھی ، اس اسکینڈل کی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کر کے اس میں مزید نئے راستے شامل کردئیے گئے، یہی وجہ ہے کہ منصوبے کے تخمینے میں بھی اضافہ ہوا جس پر تشویش ہوئی اور انکوائری کا حکم دیا گیا ، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں متعدد سرکاری اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کے متعلق بتایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں