تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے موقف میں تضاد ہے،وزیرِ اعظم عمران خان

افغان سفیرکی بیٹی کے موقف، کیمرہ فوٹیج اور ٹیکسی ڈرائیور کے بیان میں ہم آہنگی نہیں، جواب

جمعرات 29 جولائی 2021 15:01

تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے موقف میں تضاد ہے،وزیرِ اعظم عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے موقف میں تضاد ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے پاک افغان یوتھ فورم کے اراکین سے ملاقات کے بعد افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغان سفیرکی بیٹی کے موقف، کیمرہ فوٹیج اور ٹیکسی ڈرائیور کے بیان میں ہم آہنگی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق سیف سٹی کیمروں کی تفصیل موجود ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ جس ٹیکسی پر سفیر کی بیٹی نے سفر کیا، اس ٹیکسی اور ڈرائیور کی معلومات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفیر کی بیٹی کے مطابق انہیں ٹیکسی میں ڈال کر اغواء کیا گیا اور تشدد کیا گیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کیمرے کی فوٹیج کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی ٹیکسی میں خود آرام سے بیٹھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور سے تفتیش کی جس کا تمام ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہے۔عمران خان نے کہا کہ بد قسمتی سے افغان سفیر واپس چلے گئے ہیں، اب تصدیق کیلئے ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ایک ٹیم آ رہی ہے اور ہم انہیں تمام معلومات فراہم کریں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان ٹیم کو سیف سٹی کیمرے کی فوٹیج سے حاصل فوٹو فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فوٹیجز اور معلومات کی بنیاد پر افغان ٹیم افغان سفیر کی بیٹی سے تفتیش کر سکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں