بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی ایندھن کی ضروریات کو پورا کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنے پر توجہ دی جائے ، صدر مملکت

حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، عارف علوی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی ایندھن کی ضروریات کو پورا کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود ، منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ اور معروف تیل کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان کو اسمگل شدہ تیل کے ملک کی معیشت پر اثرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہمسایہ ممالک سے تیل کی اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو سالانہ 60 ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہی. ایم ڈی پی ایس او نے اجلاس کو بتایا کہ ان کے ادارے نے ماضی میں اسمگل شدہ تیل پر انحصار کرنے والے اضلاع کو تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سپلائی دوگنا کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔

اجلاس میں مکران کوسٹل ہائی وے پر پٹرول پمپس قائم کرنے پر زور دیا گیا تاکہ گوادر اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والوں کو سہولت ہو۔ اسی طرح گلگت، سکردو اور سوات میں فیول سٹوریج انفراسٹرکچر قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ مقامی آبادی کی ایندھن کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو بھی سہولت میسر ہو سکے۔اجلاس کے شرکائ نے حکومت کی جانب سے تیل کی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں