اسد عمر نے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے میں تاخیر کی وجہ بتا دی

وزیراعظم افغان صورتحال کے باعث چاہتے تھے کہ قیادت کی تبدیلی کچھ عرصے بعد ہو،نوٹیفیکیشن میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ وزیراعظم راویت کے برعکس مشاورت کے بعد فیصلہ کرنا چاہتے تھے۔وفاقی وزیر اسد عمر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:48

اسد عمر نے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے میں تاخیر کی وجہ بتا دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -28اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر اسد عمر نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن میں تاخیر کی وجہ بتا دی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بند اسد عمر نے جیو ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی بیرونی مدد کے شواہد موجود ہیں۔جیو ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست نے ایک عرصے تک کالعدم جماعت کو بات چیت سے سمجھانے کی کوشش کی لیکن اس تنظیم نے تشدد کا راستہ اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ شواہد موجود ہیں کہ اس جماعت کی بیرونی مدد بھی کی جا رہی ہے۔ جو فیصلے ہوئے ہیں ان میں حکومت کے ساتھ عسکری ادارے بھی شامل ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر میں تاخیر پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم افغان صورتحال کے باعث چاہتے تھے کہ قیادت کی تبدیلی کچھ عرصے بعد ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نوٹیفیکیشن میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ وزیراعظم راویت کے برعکس مشاورت کے بعد فیصلہ کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن دو روز قبل جاری کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو باقاعدہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس( ڈی جی آئی ایس آئی) تعینات کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کام جاری رکھیں گے، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کورکمانڈر پشاور کا عہدہ سنبھال لیں گے۔

ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیے گئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائمنٹس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران جنوبی وزیرستان ایجنسی، کرم ایجنسی اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی قیادت کی جب کہ آپریشن رد الفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا تعلق 78ویں لانگ کورس سے ہے۔

انہوں نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔وہ کمبائنڈ آرمز سینیٹر برطانیہ ، اسٹاف کالج کوئٹہ،ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ، این ڈی یو اسلام آباد، اے پی سی ایس ایس امریکا اور رائل کالج آف ڈیفینس اسٹڈیز یونیورسٹی اسلام آباد سے ماسٹر کی ڈگری رکھتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم مغربی سرحد اور ایل او سی دونوں پر کمانڈ کے علاقہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دے چکےہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم پی ایم اے، اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی میں انسٹرکٹ رہے جب کہ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ بھی رہے۔وہ باسکٹ بال اورکرکٹ شوق سے کھیلتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس تعینات کیے جانے سے پہلے کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر فائز تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں