رانا شمیم کے صاحبزادے نے بیان حلفی واٹس ایپ پر لیک کرنے والے کو سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا

بیان حلفی میں نے لکھا ہوتا تو میں میڈیا ہائپ دے کر اسے سامنے لاتا، بیانِ حلفی کے بعد اب آفٹر شاکس سامنے آرہے ہیں، جس کے اثرات وفاقی وزرا کے بیانات سے نظر آرہے ہیں۔ احمد حسن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 دسمبر 2021 12:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) : سابق چییف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانا نے بیانِ حلفی کی کاپی اور مواد واٹس ایپ پر لیک کرنے والے کو سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے احمد حسن رانا نے کہا کہ رانا شمیم کا بیان حلفی نوٹرائز ہوتے وقت کسی نے اس کی تصویر لی اور اسے لیک کر دیا، وہ تصویر کس نے لی ، کس کا کیمرہ تھا اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

احمد حسن رانا نے مطالبہ کیا کہ حلفی لیک کرنے والے کو سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُس شخص کے بارے میں بتایا جائے جس نے یہ سب کیا، نوازشریف کے پاس بیانِ حلفی کی موجودگی سے متعلق والد صاحب ہی کوئی جواب دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

احمد حسن نے کہا کہ والد صاحب کے بیان حلفی کی نوٹری کس نے کروائی اس کا بھی مجھےعلم نہیں ہے، اس بارے میں والد صاحب سے ہی سوال کیا جاسکتا ہے۔

اگر بیان حلفی میں نے لکھا ہوتا تو میں میڈیا ہائپ دے کر اسے سامنے لاتا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت سے متعلق سوال کے جواب میں احمد حسن نے کہا کہ سماعت کے دوران عدالت میں نہیں تھا تو کچھ نہیں بول سکتا۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران احمد حسن نے کہا کہ رانا شمیم نے عدالت میں واٹس ایپ پر چلنے والے بیانِ حلفی کا تذکرہ کیا اور جج کو بتایا کہ انہوں نے اس بیان کو نہیں دیکھا۔

اب بیانِ حلفی کے بعد آفٹر شاکس سامنے آرہے ہیں، جس کے اثرات وفاقی وزرا کے بیانات سے نظر آرہے ہیں۔ اگر آپ فیصل واوڈا اور فواد چوہدری کے بیانات دیکھیں تو معلوم ہو گا کہ اُن کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ احمد حسن کا کہنا تھا کہ والدہ کے انتقال کے بعد والد رانا شمیم شدید ڈپریشن میں تھے کیونکہ اُن کا 48 سالہ ہم سفر جدا ہوگیا تھا، اس کڑے وقت میں ہمیں کسی نے بھی نہیں پوچھا۔ انہوں نے کہا کہ والد رانا شمیم نے اپنےبیان حلفی میں جولکھا وہ اس پر قائم ہین ، اور عدالت سے درخواست ہے کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے کیونکہ کسی سے صبر نہیں ہورہا۔ احمد حسن رانا نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں