بیان حلفی کیس؛ فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد رانا شمیم کا ردعمل سامنے آگیا

میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے‘ میرا قصور بنتا ہی نہیں تھا اصل قصور ان کا تھا جنہوں نے چھاپا لیکن مجھے اکیلا دیکھ کر فرد جرم عائد کردی گئی۔ سابق چیف جج گلگت بلتستان کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 13:39

بیان حلفی کیس؛ فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد رانا شمیم کا ردعمل سامنے آگیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) بیان حلفی کیس میں فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا ردعمل سامنے آگیا ۔ ہم نیوز کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے کیوں کہ میرا قصور بنتا ہی نہیں تھا اصل قصور ان کا تھا جنہوں نے چھاپا لیکن فرد جرم مجھ پر عائد کر دی گئی ، میرے وکیل ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں اور مجھے اکیلا دیکھ کر فرد جرم عائد کردی گئی لیکن فرد جرم عائد ہونے سے کیا ہوتا ہے؟ فرد جرم سے مراد کسی کو سزا دینا مقصود نہیں ہوتا، اب عدالت میں کیس چلے گا تو پھر دیکھیں گے۔

رانا شمیم نے کہا کہ جس صحافی نے خبر شائع کی اس کو معاف کر دیا گیا ، انصار عباسی نے خبر شائع کرنے سے قبل مجھ سے پوچھا تھا لیکن میں نے جواب دیا کہ جب تک بیان حلفی سامنے نہ ہو میں کچھ نہیں کہہ سکتا ، معلوم نہیں سربمہر بیان حلفی کیسے پبلک ہوگیا؟ جب ثاقب نثار کاؤنٹر حلف نامہ لائیں گے تب ہی اس پر بات ہو گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر فرد جرم عائد کردی گئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافیوں کے خلاف فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے رانا شمیم کے بیان حلفی کو فرد جرم کا حصہ بنایا ، دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا رانا شمیم سے مکالمہ ہوا ۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ میں آپ پر فرد جرم عائد کر رہا ہوں آپ سنیں ، اس کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے رانا شمیم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی ، جس میں کہا گیا کہ آپ نے انگلینڈ میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا ، آپ نے کہا چیف جسٹس ثاقب نثار چھٹیوں پر گلگت بلتستان آئے ، آپ کے مطابق انہوں نے ہدایات دیں کہ نواز شریف اور مریم نواز الیکشن سے پہلے باہر نہیں آنے چاہئیں ۔ اس دوران رانا شمیم نے صحت جرم سے انکار کردیا ، انہوں نے کہا کہ آپ مجھے سنیں تو صحیح ایک ایک کرکے الزامات کا جواب دینا چاہتا ہوں ، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ایک تاریخ دے دیتے ہیں آپ جواب جمع کرادیں ، عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں