حکومت کا کرپشن کیسز جلد نمٹانے کیلئے عدالتوں میں مئوثر پیروی کرنےکا فیصلہ

موجودہ حکومت نے کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے، کرپشن کرنے والے ملک سے فرار ہیں ،کرپٹ مافیامقدمات میں التوا کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 جنوری 2022 18:57

حکومت کا کرپشن کیسز جلد نمٹانے کیلئے عدالتوں میں مئوثر پیروی کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری 2022ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے، کرپشن کرنے والے ملک سے فرار ہیں، کرپٹ مافیا کے کیسز جلد نمٹانے کیلئے عدالتوں میں مئوثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آر وائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے، کرپشن کرنے والے ملک سے فرار ہیں، کرپشن کرنے والے مقدمات میں غیر ضروری التوا ء کے بہانے بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کیس جلد نمٹانے کیلئے عدالتوں میں مئوثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی، فنانشل کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ابھی پوری شائع نہیں ہوئی، رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، پاکستان کا سکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا، پاکستان میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کرمینل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی، ہائی پروفائل اور اہم مقدمات کی سماعت براہ راست دکھائی جانی چاہیے، شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر کیا جائے، آصف زرداری کا اومنی کیس بھی براہ راست دکھایا جائے۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کرپشن کے خلاف “جہاد”کرنے کی دعویدار نیازی حکومت کے سر ایک اور سہرا: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی آج کی رپورٹ کے مطابق عمران نیازی حکومت نے پچھلے 20 سال میں سب سے زیادہ کرپشن کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔ نیازی صاحب، اگر اپنے ضمیر کی آواز نہی سن سکتے تو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ہی سن لیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں