حکومتی چال یا معاہدہ ؛ اٹک پل سے پنجاب پولیس کی ساری نفری ہٹالی گئی

کارکن پرامن رہیں اور کسی قسم کے تشدد یا توڑ پھوڑکا حصہ نہ بنیں. سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 17:03

حکومتی چال یا معاہدہ ؛ اٹک پل سے پنجاب پولیس کی ساری نفری ہٹالی گئی
اٹک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2022 ) حکومت کی جانب سے حکمت عملی میں تبدیلی یا فریقین کے درمیان کوئی معاہدہ طے پاگیا ہے؟ صوبہ کے پی کے اور پنجاب کے درمیان سرحد قرارپانے والے دریائے اٹک کے پل سے پنجاب پولیس کی ساری نفری ہٹالی گئی ہے. نجی ٹی وی ”اے آروائی نیوز“کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان بڑے قافلے کے ساتھ صوابی پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کے کارکن راستوں سے رکاوٹیں ہٹا رہے ہیں قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں لیکن عمران خان نے اس کی تردید کردی ہے .

(جاری ہے)

کہا جارہا ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے اس خبر کوبڑھاوا دینے کے لیے ایک حکمت عملی ہوسکتی ہے تاکہ تحریک انصاف کے کارکنوں میں کنفیوژن پیدا کی جاسکے کہ ان کی قیادت نے حکومت سے معاملات طے کرلیے ہیں . رپورٹ میں بتایا گیا ہے پنجاب اور کے پی کے کو ملانے والے دریائے اٹک کے پل کی پنجاب والے حصے میں ہائی وے پر رکاوٹ کے لیے بھاری مقدار میں مٹی ڈالی گئی تھی جسے قافلے کے ساتھ موجود بھاری مشنری کے ذریعے ہٹایا جارہا ہے.

ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور کسی قسم کے تشدد یا توڑ پھوڑکا حصہ نہ بنیں عمران خان کے قافلے میں ایک بہت بڑی تعداد میں پیدل لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے. ادھر اپنے ٹوئٹرپیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کے ساتھ معاہدے کی خبروں پر دو ٹوک اعلان کیا کہ کسی ڈیل کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا، اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کے اعلان تک اسلام آبادمیں رہیں گے.

عمران خان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدے کی خبروں سے متعلق کہا کہ افواہیں اور غلط معلومات کہ ڈیل ہو گئی ایسا بالکل نہیں، اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں ،کسی ڈیل کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا. عمران خان نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کے اعلان تک اسلام آبادمیں رہیں گے، اسلام آباد اورروالپنڈی کے تمام لوگوں کو جوائن کرنے کے لئے کال دے رہے ہیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں