سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

وفاقی حکومت کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کیلئےعدالت نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 مئی 2022 10:29

سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2022ء) سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست وفاقی حکومت نے دائر کی ، عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پرلارجر بینچ تشکیل دے دیا ، چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ساڑھے 11 بجے ہو گی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان نے اپنے کارکنان کو ڈی چوک بھیجا ، سکیورٹی انتظامات کے رد و بدل کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ، اس دوران فائر بریگیڈ کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نئے الیکشن کے اعلان کے لیے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دے دیا ، جناح ایونیو اسلام آباد پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 6روز میں الیکشن کا اعلان نہ کیا تو ساری قوم کو لے کر اسلام آباد آؤں گا ، 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

عمران خان نے کہا کہ کیا جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ، خوف دلایا جاتا ہے کہ بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں