حکومت موسمیاتی اقدامات پر امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے، رومینہ خورشید عالم

بدھ 17 اپریل 2024 17:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ ہماری حکومت موسمیاتی اقدامات پر امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے جس کا مقصد ہمارے ملک کی موسمیاتی ریزیلیئنس، تخفیف اور موافقت کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔

وہ یو ایس ایڈ کی پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ سرگرمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ پاکستان پر گلوبل وارمنگ کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا 1 فیصد سے بھی کم کاربن پیدا کرتا ہے لیکن یہ موسمیاتی تبدیلی کے سنگین نتائج بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق پاکستان اس وقت دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات کا شکار ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا اور پاکستان کے 81 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا اور تقریباً 3300000 افراد متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ سب ہماری پریشان حال ماحولیات کا واضح اشارہ ہے۔ موسمیاتی ریزیلیئنس پر زور دیتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے بینکوں، رئیل اسٹیٹ اور صنعتوں کو لا کر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے کے لحاظ سے حل پر زور دیا۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ موسمیاتی استحکام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کیونکہ یہ اس کرہ ارض پر رہنے والے ہر فرد کا معاملہ ہے۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے یو ایس ایڈ کے اس اقدام کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں