’اسلام آباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں‘ چیف جسٹس عامر فاروق کا اظہار برہمی

نیا آئی جی تاحال تعینات نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 11:24

’اسلام آباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں‘ چیف جسٹس عامر فاروق کا اظہار برہمی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) وفاقی دارالحکومت میں نیا آئی جی تاحال تعینات نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت روڈ ایکسڈنٹ میں جاں بحق شہری سے متعلق کیس میں آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کا تذکرہ ہوا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی سے متعلق حکومت سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’نیا آئی جی تاحال کیوں نہیں تعینات ہوا؟ ویسے تو اسلام آباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے کوئی آئی جی تو لگا دیں، جو پہلے آئی جی تھے نئے افسر کے آنے تک اسے ہی رہنے دیتے یا پولیس کو ختم ہی کر دیں پھر سکون ہو جائے گا یا پھر جیسے بلوچستان میں ہو رہا ہے ویسے یہاں بھی ہو جائے گا‘۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ’نئے آئی جی کی تعیناتی کا ایک نوٹیفکیشن ہوا تھا‘، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’نوٹی فکیشن ہوا تھا لیکن آپ کو پتا ہے مجھے بھی پتا ہے کیوں آئی جی نہیں آ رہا، کل سیکریٹری آئے تھے ان سے کہیں ناں آئی جی لگائیں، دو ہفتوں میں آئی جی تعیناتی سے متعلق رپورٹ دیں‘۔ بتایا جارہا ہے کہ حکومت نے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا، سابق آئی جی آئی جی اکبر ناصر خان نے چارج چھوڑ دیا، اکبر ناصر جان کی جگہ علی ناصر رضوی کو انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد تعینات کیا گیا تاہم نئے آئی جی علی ناصر رضوی نے اب تک چارج نہیں لیا۔

معلوم ہوا ہے کہ علی ناصر رضوی کی بطور آئی جی اسلام آباد پولیس تعیناتی کا معاملہ اس وقت کھٹائی میں پڑگیا جب پنجاب کی صوبائی حکومت نے نئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے سے انکار کردیا، علی ناصر رضوی ڈی آئی جی آپریشن لاہور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، صوبائی حکومت نے علی ناصر رضوی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں