کابینہ کی وزارت خوراک کو نگران دورحکومت میں درآمد گندم کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت

کابینہ نے وزارت نیشنل فوڈسیکیورٹی کو نگران دور حکومت میں گندم کی درآمد کی وجوہات کا پتا لگانے کا ٹاسک بھی سونپ دیا

پیر 6 مئی 2024 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) وفاقی کابینہ نے نگران حکومت کے دور میں گندم کی درآمد کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ نے وزارت نیشنل فوڈسیکیورٹی کو نگران دور حکومت میں گندم کی درآمد کی وجوہات کا پتا لگانے کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی ہدایات کو تحریری طور پر وفاقی کابینہ کے فیصلے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو نگران دور میں گندم کی درآمد کی وجوہات معلوم کرنے کا حکم دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے صورتحال پر قابو پانیکے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کردی ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے رواں مالی سال نجی شعبے کے ذریعے گندم کی درآمد کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے محمد مشتاق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی جب کہ وزیراعظم نے موجودہ دور میں گندم درآمد کے معاملے پر سیکریٹری کابینہ کامران علی افضل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے ماہ مارچ 2024 میں 57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 6 لاکھ 91 ہزار 136 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی جب کہ نگران دور میں 225 ارب78 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی27 لاکھ58 ہزار 226 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی تھی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال مارچ تک مجموعی طور پر 34لاکھ 49 ہزار 436 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی جس کی مالیت 282 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے بنتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں