دبئی پراپرٹی لیکس؛ سپریم کورٹ سے نوٹس لینے اور تحقیقات کا مطالبہ

یہ حکمران اشرافیہ کا بدنما کرپٹ چہرہ ہے‘ مہنگائی، بدامنی کا شکار عوام تعلیم و صحت کی سہولیات سے محروم ہیں اور حکمران و اشرافیہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے میں مصروف ہیں۔ سینیٹر مشتاق احمد کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مئی 2024 10:04

دبئی پراپرٹی لیکس؛ سپریم کورٹ سے نوٹس لینے اور تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء ) دبئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ سے نوٹس لینے اور تحقیقات کا مطالبہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے دبئی پراپرٹی لیکس میں پاکستانیوں کے نام آںے پر سپریم کورٹ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دبئی پراپرٹی لیکس میں غیر ملکیوں کے نام 400 ارب ڈالر کی پراپرٹیز کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سے 17 ہزار پاکستانیوں نے بھی 23 ہزار سے زائد جائیدادیں خرید رکھی ہیں، دبئی لیکس میں پاکستان جائیدادیں خریدنے میں دوسرے نمبر پر ہیں، ان پاکستانیوں میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلیہ، سینیٹر فیصل واوڈا، شرجیل میمن اور ان کی اہلیہ، حسین نواز اور آصف زرداری کے تینوں بچوں کے نام بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے حکمران اشرافیہ کا بدنما کرپٹ چہرہ ہے، اس میں سیاست دان، جرنیل، ججز اور بیوروکریٹس سب شامل ہیں، پاکستان سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، ہم چند ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن لیتے ہیں اور بدترین غلامی کرتے ہیں، پاکستان کے عوام مہنگائی، بدامنی کا شکار ہیں، عوام تعلیم اور صحت کی سہولیات سے محروم ہیں اور ہمارے حکمران و اشرافیہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے میں مصروف ہیں، سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے اور تحقیقات کی جائیں۔

بتایا جارہا ہے کہ دبئی پراپرٹی لیکس میں پاکستانیوں کی دبئی میں اربوں ڈالرز کی جائیدیں ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دبئی میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز، فیصل واوڈا، آصف زرداری کے بچوں، محسن نقوی کی اہلیہ سمیت 17 ہزار پاکستانیوں کی دبئی میں مجموعی طور پر 11 ارب ڈالر کی جائیدادیں پائی گئی ہیں، مجموعی طور پر دبئی میں عالمی اشرافیہ کی 389 ارب ڈالرز کی پراپرٹی لیکس منظر عام پر آگئی ہیں ، پراپرٹی لیکس کے تحت سعودی شہریوں کی جائیدادوں کی مالیت 8اعشاریہ 5 ارب ڈالرہے، 8ہزار 500 سعودی شہریوں نے 16 ہزار جائیدادیں خریدرکھی ہیں، برطانوی شہریوں کی جائیدادوں کی مالیت 10ارب ڈالر ہے، 19ہزار 500برطانوی شہری 22 ہزار جائیدادوں کے مالک ہیں، بھارتیوں کی جائیدادوں کی کا اندازہ 17ارب ڈالر ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ بیرون ملک جائیدادیں خریدنے والے غیرملکیوں میں پاکستانیوں کا دوسرا نمبر ہے، پاکستانیوں کی مجموعی پراپرٹیز کا 2اعشاریہ 5 فیصد بنتا ہے، 17ہزار پاکستانیوں نے 23 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں، پراپرٹی لیکس میں بااثرعالمی شخصیات، سیاستدان، ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ان سے وابستہ افراد کی جائیدادیں شامل ہیں، پراپرٹی لیکس میں ایک پولیس چیف، سفارتکار اور سائنسدان بھی شامل ہے، 12 سے زائد ریٹائرڈ جنرلز کے نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں