آزادکشمیر کے نوجوان تعلیم کے ہر شعبہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ،سردار مسعود خان

جب نوجوان اٹھیں گے تو کشمیر بھی آزاد ہو گا ،پاکستان بھی خطہ کی مضبوط معاشی ،فوجی طاقت بن کر اُبھریگا، صدر آزادکشمیر

جمعرات 28 جنوری 2021 17:02

آزادکشمیر کے نوجوان تعلیم کے ہر شعبہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ،سردار مسعود خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے نوجوان تعلیم کے ہر شعبہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہے اور اُن کے اندر ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کا جذبہ بھی بدرجہ اُتم موجود ہے۔ ان شا اللہ جب یہ نوجوان اٹھیں گے تو کشمیر بھی آزاد ہو گا اور پاکستان بھی خطہ کی مضبوط معاشی اور فوجی طاقت بن کر اُبھرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں آزادکشمیر کے نوجوانوں کی مختلف تنظیموں کے ایک نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ نوجوان صرف مستقبل کے معمار نہیں بلکہ وہ حال کے معمار بھی ہیں کیونکہ وہ آج جو کچھ کر رہے ہیں اُس کے اثرات مستقبل میں ہماری قومی زندگی پر مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک اور احساس کرتے ہوئے ان ذمہ داریوں کو سامنے رکھ کر اپنی زندگی کا لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح طبعیات اور ریاضی کے اصول ہوتے ہیں اسی طرح زندگی کے اصول اور کلیے بھی ہوتے ہیں جنہیں اختیار کر کے ہم زندگی کو خوبصورت اور بامقصد بنا سکتے ہیں۔ یوتھ نمائندگان کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ دنیا کی دیگر اقوام نے اپنی منزل حاصل کر لی ہے لیکن ریاست جموں وکشمیر کے عوام اپنی منزل کے حصول کے لئے اب بھی جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں پوری قوم کی نظریں نوجوانوں پر لگی ہوئی ہیں اور وہ دیکھ رہی ہے کہ نوجوان اس سلسلے میں کیا کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بے بسی اور انحصار کا رونا چھوڑ کر اپنی تقدیر خود اپنے ہاتھوں میں لے کر اپنی اور قوم کا مقدر بدل دیں۔ کوہالہ پن بجلی منصوبے کے بارے میں پوچھے گے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس منصوبے کو حاصل کرنے کے لئے ہم نے بہت محنت کی کیونکہ اس منصوبے سے جہاں قومی سطح پر توانائی کی ضروریات پوری ہونگی وہاں ہمارے پڑھے لکھے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے حصول کے دروازے بھی کھلیں گے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے پر جلد کام شروع ہو۔

آزادکشمیر میں معیاری تعلیم کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد علاقے میں تعلیم کے میدان میں ایک انقلاب برپا ہو چکا ہے۔ آج کل ہر گائوں میں ہی نہیں بلکہ ہر محلے میں معیاری سکول موجود ہے لیکن اس باوجود ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے شعبے کو مزید ترقی دی جائے اور معیار تعلیم میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اصل چیلنج یہ ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں پبلک سیکٹر سکڑ رہا ہے جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام شہروں میں فور جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں یہ سہولت سکیورٹی کی وجہ سے فوری طور پر مہیا نہیں کی جا سکتی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں قوم پرستوں کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کی تجویز اچھی ہے جس سے کسی کوئی اختلاف نہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں