سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کے الیکٹرک کو کرنٹ لگنے سے بازوئوں سے محروم بچے کی تا حیات کفالت کرنے کی ہدایات

منگل 18 ستمبر 2018 21:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے کے الیکٹرک کو بجلی کا کرنٹ لگنے سے بازوئوں سے محروم بچے کی تا حیات کفالت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چیئرمین سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کو ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ بچے عمر کو ماہانہ 25 ہزار خرچہ ادا کرے اور اس کی تعلیم و صحت کیلئے مکمل ذمہ داری بھی اٹھائے۔

اجلاس میں بجلی کی تاروں کو چھو کر دونوں بازوئوں سے محروم بچے عمر کے والد کو خصوصی طور پر بلایا گیا تھا۔ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو کہا کہ وہ معذور بچے کی ملک کے سب سے معیاری تعلیمی ادارے میں تعلیم کا بندوبست کرے اور اس کا علاج بہتر ہسپتال سے کرانے کے ساتھ ساتھ مصنوعی بازو لگوانے کا بندوبست بھی کرے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد کے الیکٹرک بچے کو ملازمت بھی دینے کی پابند ہو گی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک پورے شہر میں اپنی لائنوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرے، اداروں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، غفلت کے مرتکب افراد کو سزا ملنی چاہئے، یہ بہت سنگین معاملات ہیں، عدالتیں متحرک ہوں، پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اجلاس میں سینیٹر ظفر علی شاہ، حاصل بزنجو، سینیٹر کرشنا کماری اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو کے الیکٹرک مونس علوی اور متاثرہ بچے کا والد بھی شریک ہوا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں