پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر کی درخواست ضمانت منظور

پولیس اہلکاروں نے خاتون کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کیا اور ان سے گاڑی کی نمبر پلیٹ طلب کرتے رہے، اسلام آباد پولیس

منگل 23 اکتوبر 2018 17:22

پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر کی درخواست ضمانت منظور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کی درخواست ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی گئی. درخواسِت ضمانت میں ڈاکٹر شہلا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میری موکلہ اپنے رویے پر شرمندہ ہیں. تاہم ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ شبیر تنولی نے کہا کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی.انہوں نے کہا کہ خاتون اشتعال کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکار نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے درگزر سے کام لیا.

(جاری ہے)

مذکورہ درخواست پر عدالت نے آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت کے عوض 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا.

خیال رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا ڈپلومیٹک انکلیو میں بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی خاتون کو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے روک لیا تھا.جس پر مذکورہ خاتون نے اپنی گاڑی سے نکل کر چلانا شروع کردیا اور ان سے کہا کہ آپ مجھے یہاں روکنے کی وجہ بتائیں، پولیس اہلکاروں نے خاتون کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کیا اور ان سے گاڑی کی نمبر پلیٹ طلب کرتے رہی.

دریں اثنا خاتون اپنی گاڑی سے باہر آکر مزید طیش میں آگئیں اور ایک پولیس اہلکار کو اس کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے دھمکیاں دیں اور کہا کہ تم دیکھنا کہ میں تمھارے ساتھ کرتی کیا ہوں.خاتون نے گاڑی کے اندر رکھی ہوئی نمبر پلیٹ پولیس اہلکار کو دکھائی جس کے بعد پولیس اہلکار نے انہیں جانے کی اجازت دے دی تھی. بعد ازاں ڈپلومیٹک اینکلو میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون کوگرفتار کرکے وومن تھانہ اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تھا.

ملزمہ کے وکیل کے مطابق خاتون ڈاکٹر بیرون ملک سے کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہیں، لیکن پولیس اہلکاروں نے رہنمائی کرنے کے بجائے دباکا ماحول بنادیا. پولیس حکام نے بتایا کہ مذکورہ خاتون پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے شوہر بھی آرمی میں ایک ڈاکٹر ہیں جو راولپنڈی میں ہی کام کرتے ہیں. خاتون کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، روڈ بلاک کرنے اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں